پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد نواز کے خلاف نشہ آور شے کے استعمال کے الزام پر کارروائی کا آغاز ہو گیا ہے، تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے واضح کیا ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات انٹرنیشنل کرکٹ کونسل خود مکمل کرے گی۔
ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق محمد نواز کے کیس میں ابتدائی کارروائی آئی سی سی کی جانب سے شروع کی گئی ہے اور تمام قانونی و تادیبی مراحل بھی وہی طے کرے گی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی کو نوٹس موصول ہو چکا ہے اور وہ مقررہ وقت کے اندر اپنا جواب آئی سی سی کو جمع کروائیں گے۔
پی سی بی کی محمد نواز کیخلاف تحقیقات شروع
ذرائع کے مطابق محمد نواز کا ڈوپ ٹیسٹ گزشتہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران مثبت آیا تھا، جس کے بعد اس معاملے نے سنگین نوعیت اختیار کر لی۔ کرکٹ ویب سائٹس کی رپورٹس کے مطابق آئی سی سی نے اس حوالے سے پی سی بی کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔
پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے میں آئی سی سی کے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں اور ضابطہ اخلاق کے مطابق ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔ اس پیش رفت نے قومی کرکٹ حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔
