کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے 27ویں میچ میں لاہور قلندرز نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے راولپنڈیز کو 32 رنز سے شکست دے دی۔
قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 210 رنز کا بڑا اسکور کھڑا کیا، جس کے جواب میں راولپنڈیز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 178 رنز تک محدود رہی اور اس کے 9 کھلاڑی آئوٹ ہوئے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان نے 54 گیندوں پر 84 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی، جبکہ محمد فاروق نے 63 رنز کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی۔
صفر پر آؤٹ ہونے پر شاہین آفریدی آپے سے باہر ہو گئے، ویڈیو وائرل
عبداللہ شفیق نے 26 رنز بنائے، جبکہ اختتامی اوورز میں آصف علی نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 6 گیندوں پر 14 رنز اسکور کیے۔ راولپنڈیز کے محمد عامر اور رضا اللہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں راولپنڈیز کا آغاز مایوس کن رہا اور ابتدائی وکٹیں جلد گر گئیں، یاسر خان نے 58 رنز اور سعد مسعود نے 54 رنز بنا کر مزاحمت کی، تاہم ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر سکی۔
قلندرز کی جانب سے حارث رؤف نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور اسامہ میر نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
