اسلام آباد: پاکستان میں گاڑیاں بنانے والی غیر ملکی کمپنی انڈس موٹرز نے ملک میں بڑی سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا۔
پاکستان میں گاڑیاں بنانے والی بڑی غیرملکی کمپنی ٹویوٹا نے آئندہ 4 سے 5 سال کے دوران ملک میں 30 سے 40 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا۔
سی ای او انڈس موٹرز علی اصغر جمالی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی پاکستان میں الیکٹرک وہیکل (ای وی) متعارف کروانے کے لیے بھی تیار ہے۔ تاہم اس کے لیے حکومت کو پانچ سال کے بجائے دس سالہ واضح اور مستحکم آٹو پالیسی دینا ہو گی۔
علی اصغر جمالی نے کہا کہ دنیا تیزی سے الیکٹرک وہیکل ٹیکنالوجی کی طرف بڑھ رہی ہے اور یہی مستقبل ہے۔ اس لیے پاکستان میں بھی ای وی گاڑیوں کا آغاز کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ شرح سود میں کمی کے باعث گزشتہ تین سالوں میں آٹو فنانسنگ دوگنا ہو چکی ہے۔ جبکہ گاڑیوں کے لیے بینک لون کی حد 30 لاکھ سے بڑھا کر ایک کروڑ روپے تک کی جانی چاہیے۔
علی اصغر جمالی نے اس بات پر زور دیا کہ ایکسپورٹ بڑھانے کے لیے ملک میں گاڑیوں کی مقامی پیداوار میں اضافہ ضروری ہے۔ ساتھ ہی خام مال کی مقامی صنعت کو فروغ دیا جائے تاکہ گاڑیاں کم لاگت میں تیار ہو سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: گڈز ٹرانسپورٹرز کا ڈیزل کی قیمت میں کمی کے باوجود کرائے کم کرنے سے انکار
سی ای او انڈس موٹرز نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ گاڑیاں درآمد کرنے والے ممالک کے ساتھ ترجیحی تجارتی معاہدے کرے تاکہ پاکستانی گاڑیوں پر ٹیکس کم ہو اور برآمدات میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔

1 Comment
Good 👍🏻