اسلام آباد: پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے کہا ہے کہ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود کرایوں میں کمی نہیں کی جائے گی اور موجودہ کرائے برقرار رہیں گے۔
پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے اپنے بیان میں وزیر اعظم کی جانب سے ڈیزل کی قیمت میں کمی کے اعلان کا خیر مقدم کیا۔ تاہم واضح کیا کہ موجودہ معاشی اور کاروباری حالات کے پیش نظر ٹرانسپورٹرز مزید بوجھ برداشت نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ جنگی صورتحال کے باعث امپورٹ اور ایکسپورٹ کا کام نہ ہونے کے برابر رہ گیا ہے۔ جس کے نتیجے میں ہزاروں گاڑیاں کھڑی کرنی پڑی ہیں۔
ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ٹرانسپورٹرز کو کسی قسم کا خاطر خواہ ریلیف نہیں دیا گیا۔ جبکہ وہ ملک کے وسیع تر مفاد میں نقصان کے باوجود اپنی گاڑیاں چلا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں ڈیزل کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوا تھا۔ اور حالیہ کمی کے باوجود اخراجات اب بھی زیادہ ہیں، اس لیے کرایوں میں کمی فی الحال ممکن نہیں۔ کرایوں میں کمی اس وقت زیر غور آئے گی جب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمت میں ایک بار پھر بڑا اضافہ
صدر الائنس نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ودہولڈنگ ٹیکس، ٹول ٹیکس اور ٹریفک و موٹروے پولیس کے ناجائز چالان میں ریلیف دیا جائے۔ ٹرانسپورٹرز جتنے ٹیکس ادا کرتے ہیں، اس کے مطابق انہیں سہولیات بھی فراہم کی جائیں تاکہ عوام کو اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں حقیقی ریلیف مل سکے۔
