وزیراعظم شہباز شریف ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کے اہم سرکاری دورے پر روانہ ہو گئے ہیں۔
اس وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شامل ہیں۔
یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان کو سعودی عرب کی جانب سے 3 ارب ڈالر کی نئی اور اضافی مالی مدد کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔
Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif departs Nur Khan Airbase Rawalpindi for an official visit to the Kingdom of Saudi Arabia. pic.twitter.com/PCL28HscZN
— Ministry of Information & Broadcasting (@MoIB_Official) April 15, 2026
دفتر خارجہ کے مطابق، وزیراعظم سعودی اور قطری قیادت سے ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امن و سلامتی پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اس کے بعد وہ ترکیہ روانہ ہوں گے جہاں وہ پانچویں انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت کریں گے۔
فورم کے دوران وزیراعظم عالمی رہنماؤں کے ہمراہ لیڈرز پینل میں پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے اور صدر رجب طیب ایردوان سمیت دیگر عالمی قائدین سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
دوسری جانب، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے 3 ارب ڈالر کے اضافی ڈپازٹس آئندہ ہفتے موصول ہونے کی توقع ہے۔
یہ رقم سابقہ رول اوور سے ہٹ کر طویل مدت کے لیے ہوگی، جس سے پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر مالی سال کے اختتام تک 18 ارب ڈالر تک پہنچنے کی امید ہے۔
