سعودی عرب نے پاکستان کے لیے بڑا اعلان کرتے ہوئے 3 ارب ڈالر کی نئی مالی مدد منظور کر لی۔
پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کیلئے مزید 3 ارب ڈالر کے اضافی ڈپازٹ کا وعدہ کیا ہے، جس کی ادائیگی آئندہ ہفتے متوقع ہے۔
وزیر خزانہ کے مطابق یہ ڈپازٹ سابقہ سالانہ رول اوور انتظام کے تحت نہیں ہوگا بلکہ اسے طویل مدت کیلئے بڑھایا جائے گا، جس سے پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر کو نمایاں سہارا ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال کے اختتام تک تقریباً 18 ارب ڈالر کے ذخائر حاصل ہونے کی توقع ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف پروگرام کے تحت معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ پاکستان نے 1.4 ارب ڈالر کا یورو بانڈ کامیابی سے واپس کر دیا ہے۔
انہوں نے سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بہتر معاشی پالیسیوں کے باعث عالمی اداروں اور سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بحال ہو رہا ہے۔
وزیر خزانہ کے مطابق حکومت بیرونی ادائیگیوں کو بروقت پورا کرنے کیلئے پرعزم ہے اور ملک کا بیرونی مالیاتی منصوبہ واضح حکمت عملی کے تحت نافذ کیا جا رہا ہے۔
آخر میں وزیر خزانہ نے وزیر اعظم، فیلڈ مارشل، وزیر خارجہ اور گورنر اسٹیٹ بینک کے تعاون پر بھی اظہارِ تشکر کیا۔
