اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ورلڈ بینک روزگار کی فراہمی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں تعاون بڑھائے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے جی 24 ممالک کے وزرائے خزانہ کے اجلاس میں عالمی معیشت، خطے کی صورتحال اور مالیاتی اصلاحات سے متعلق پاکستان کا مؤقف پیش کر دیا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ عالمی معیشت اس وقت مسلسل جھٹکوں اور دباؤ کا شکار ہے۔ جبکہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی نے توانائی اور مالیاتی نظام کو بھی متاثر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپلائی چین کے تحفظ اور اہم بحری و توانائی راستوں کی سلامتی عالمی اقتصادی استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ پائیدار امن کے بغیر عالمی معیشت کو درپیش چیلنجز حل نہیں کیے جا سکتے۔
وزیر خزانہ نے بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے کردار پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) پروگرام کے ڈیزائن اور شرائط میں زیادہ لچک ہونی چاہیے جبکہ ترقی پذیر ممالک پر عائد سرچارجز کا فوری جائزہ لیا جانا ضروری ہے۔
انہوں نے ورلڈ بینک سے بھی روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں تعاون بڑھانے کا مطالبہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس میں کمی کا اعلان
محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان پائیدار ترقی اور مشترکہ خوشحالی کے اہداف کے لیے پرعزم ہے۔ اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مضبوط بین الاقوامی تعاون ناگزیر ہے۔
