اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف نے ایوان صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے اہم ملاقات کی، جس میں امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات سمیت علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے صدر مملکت کو مذاکرات کے مختلف مراحل پر جامع بریفنگ دی اور پاکستان کی ثالثی کے ذریعے حاصل ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے اپنے آئندہ دورہ سعودی عرب اور ترکیے کے حوالے سے بھی صدر کو اعتماد میں لیا اور بتایا کہ ان دوروں کا مقصد خطے میں سفارتی روابط کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ کشیدگی کے اثرات خطے کے ساتھ ساتھ عالمی معیشت اور سیاسی صورتحال پر بھی مرتب ہوئے ہیں۔
پاکستان کی امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور کی میزبانی کی پیشکش
انہوں نے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کردار ملک کی سفارتی ذمہ داری اور امن پسندی کا مظہر ہے۔
انہوں نے وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور دیگر ریاستی اداروں کی کاوشوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار اور کلیدی ریاست کے طور پر اپنی حیثیت کو مزید مستحکم کیا ہے۔
صدر مملکت نے زور دیا کہ وزیراعظم، نائب وزیراعظم اور دیگر متعلقہ حکام امریکا، ایران اوردیگر علاقائی و عالمی طاقتوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ امن عمل کو برقرار رکھا جا سکے اور خطے میں ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔
