کراچی میٹرک بورڈ کی جانب سے 7 اپریل سے شروع ہونے والے امتحانات ملتوی کردئیے گئے ہیں۔
چیئرمین میٹرک بورڈ غلام حسین سہو نے ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میٹرک کے سالانہ امتحانات اب بروز جمعہ 10 اپریل سے لیے جائیں گے۔ایڈمٹ کارڈ کی درخواستیں ڈائون لوڈ ہونے میں مشکلات کاسامنا تھا، جس کے باعث امتحانات ملتوی کئے گئے۔
میرپور بورڈ نے دہم کے سالانہ امتحانات کا اعلان کر دیا، رول نمبر سلپس بھی جاری
قبل ازیں کراچی میٹرک بورڈ کے ناظم امتحانات احمد خان چٹھہ کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ میٹرک کے سالانہ امتحانات 7 اپریل سے ہی شروع ہوں گے، اسکول انتظامیہ بورڈ کی ویب سائٹ سے اپنے ایڈمٹ کارڈ ڈاؤن لوڈ کرسکتی ہے۔بورڈ کا پورٹل فعال ہے اس میں کوئی مسئلہ نہیں،طلبہ کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔
یاد رہے پہلے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ کراچی میں میٹرک امتحانات سے قبل ہزاروں طلبہ کو تاحال ایڈمٹ کارڈز جاری نہ کیے جا سکے، جس کے باعث طلبہ اور والدین میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق کراچی میٹرک بورڈ کا آن لائن پورٹل تکنیکی خرابی کے باعث دن بھر بند رہا، جس کی وجہ سے ایڈمٹ کارڈز کا اجرا ممکن نہ ہو سکا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایڈمٹ کارڈ جاری ہوتے ہی طلبہ کو ان کے امتحانی مراکز سے فوری آگاہ کر دیا جائے گا۔
مسلسل تعطیلات سے تعلیم متاثر، پرائیویٹ سکولوں کا امتحانات مؤخر کرنے کا مطالبہ
دوسری جانب پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے بروقت ایڈمٹ کارڈز جاری نہ ہونے کو بورڈ کی غیر ذمہ داری قرار دیتے ہوئے سخت تنقید کی ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق اس صورتحال نے طلبہ کی تیاری اور ذہنی سکون کو متاثر کیا ہے۔
والدین نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے اور طلبہ کو درپیش مشکلات کا جلد از جلد ازالہ کیا جائے۔
