وزیر داخلہ سندھ ضیاء لنجار نے ایم کیو ایم کے مرکزی رہنماؤں سے سیکیورٹی واپس لینے کی خبروں کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ کسی بھی سیاسی رہنما کی سیکیورٹی ختم کرنے یا کم کرنے سے متعلق نہ کوئی ہدایت جاری کی گئی ہے اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی تجویز زیرغور ہے۔
انکا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے سینئررہنما مصطفیٰ کمال اورخالد مقبول صدیقی اس وقت اسلام آباد میں موجود ہیں اور ان کی سیکیورٹی معمول کے مطابق برقرار ہے، انہوں نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ کسی خاص سیاسی جماعت یا شخصیت کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ایم کیو ایم کے وزراء اور اراکین اسمبلی کی سکیورٹی واپس لے لی گئی
ضیاء لنجار نے کہا کہ سیکیورٹی ایک حساس معاملہ ہے جسے سیاسی بیانات یا قیاس آرائیوں کی نذر نہیں کرنا چاہیے۔
انہوں نے میڈیا اور سوشل میڈیا صارفین پر زور دیا کہ غیر مصدقہ اور من گھڑت خبروں سے اجتناب کریں اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں تمام سیاسی اور عوامی شخصیات کی سیکیورٹی کا جائزہ سیکیورٹی ادارے پیشہ ورانہ بنیادوں پر لیتے ہیں اور کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کیا جاتا۔
