محکمہ موسمیات نے بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی۔
28 دسمبر کو مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے، 29 دسمبر کو بلوچستان اور ملحقہ علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
کراچی میں موسم سرماکی پہلی بارش 30 دسمبر کو ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے، منگل سے بدھ کے درمیان کراچی میں مغربی ہواؤں کا سسٹم اثر انداز ہو سکتا ہے، جس کے بعد سردی میں اضافے کی توقع ہے۔
29 دسمبر سے دو سے تین جنوری 2026 تک بلوچستان سمیت خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان میں بارش ہونے کی توقع ہے، شمالی بلوچستان سمیت شمالی علاقہ جات میں برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
برطانیہ میں ہونے والی تقریر کی مذمت کرتا ہوں ،شوکت یوسفزئی
اس دوران جنوبی پنجاب اور سندھ میں ہلکی بارش ہونے کی توقع ہے، دوسری جانب لاہور میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، آج مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ لاہور میں دو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں کل شام مغربی ہوائیں داخل ہوں گی، آئندہ ہفتے مغربی ہواؤں کےباعث مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی توقع ہے، 30 اور 31 دسمبر کےدوران ملک میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔
31 دسمبر سے 2 جنوری تک ملک کےمختلف حصوں میں بارش جاری رہنےکا امکان ہے، 29 سے 31 دسمبر کے دوران مری، گلیات اور گرد و نواح میں بارش اور برفباری کی توقع ہے، اس دوران چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان اور مانسہرہ میں بارش کا امکان ہے، 29 سے 31 دسمبر کے دوران ایبٹ آباد، بونیر اور بٹگرام میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
30 سے 2 جنوری کےدوران گلگت، سکردو، دیامر، استور، غذر، ہنزہ، نگر، وادی نیلم، مظفرآباد، راولا کوٹ، باغ، کوئٹہ، زیارت، قلات، ژوب اور مستونگ میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور برفباری کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، بارش اور برفباری کے باعث بالائی علاقوں میں سڑکیں بند ہونے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
