بنگلہ دیش کی طلبہ تحریک کے رہنما شریف عثمان ہادی انتقال کر گئے

Sharif Osman Hadi

بنگلہ دیش کی طلبہ تحریک کے رہنما شریف عثمان ہادی(Sharif Osman Hadi) سنگاپور کے ایک اسپتال میں زیرِ علاج رہتے ہوئے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ وہ گزشتہ چھ دنوں سے زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا تھے۔ ان کے انتقال کی تصدیق چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس نے قوم سے خطاب میں کی، جسے سرکاری نشریاتی ادارے بی ٹی وی اور بی ٹی وی نیوز نے رات 11 بج کر 30 منٹ پر براہِ راست نشر کیا۔

بنگلہ دیش میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا

چیف ایڈوائزر نے قوم کو اس اندوہناک خبر سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکریشنن نے انہیں فون پر شریف عثمان ہادی کے انتقال سے آگاہ کیا۔ پروفیسر محمد یونس نے مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ فسطائیت اور جبر کے خلاف جدوجہد کا ایک ناقابلِ فراموش سپاہی تھے۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس عظیم جدوجہد کرنے والے کو شہادت کا درجہ عطا فرمائے۔

شریف عثمان ہادی، جو ڈھاکہ-8 سے بطور آزاد امیدوار الیکشن لڑنے کے خواہاں تھے، 12 دسمبر کو ڈھاکہ کے پلتن علاقے میں آٹو رکشہ میں سفر کے دوران فائرنگ کا نشانہ بنے تھے۔ شدید زخمی حالت میں انہیں فوری طور پر بیرونِ ملک منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔

سوڈان میں اقوام متحدہ مشن کے بیس پر ڈرون حملہ ، 6 بنگلہ دیشی اہلکار جاں بحق

پروفیسر محمد یونس نے ان کے انتقال کو ملک کے سیاسی اور جمہوری منظرنامے کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا۔ انہوں نے مرحوم کی اہلیہ، واحد بچے اور دیگر اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا کہ حکومت شریف عثمان ہادی کی بیوہ اور بچے کی مکمل ذمہ داری اٹھائے گی۔

چیف ایڈوائزر نے ہفتہ کے روز ایک دن کے سرکاری سوگ کا اعلان کیا، جس کے دوران قومی پرچم سرنگوں رہے گا جبکہ ملک بھر کی مساجد میں جمعہ کی نماز کے بعد خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔ دیگر مذاہب کی عبادت گاہوں میں بھی دعائیہ تقریبات منعقد کی جائیں گی۔

سخت ویزا قوانین ، برطانیہ کی یونیورسٹوں نے پاکستانی اور بنگلہ دیشی طلبہ کے داخلے روک دیئے

انہوں نے سنگاپور کی حکومت اور بالخصوص وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکریشنن کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے شریف عثمان ہادی کے علاج کی نگرانی کی۔

آخر میں پروفیسر محمد یونس نے دوٹوک اعلان کیا کہ اس بہیمانہ قتل میں ملوث تمام عناصر کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔


متعلقہ خبریں
WhatsApp