لاہور میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان نے ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے بعد عوام کو فوری ریلیف دینے کے لیے تمام ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
وزیر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتوں کے مطابق ہرضلع میں کرایوں کی نئی لسٹ تیار کی جائے اورمسافروں کو بروقت اطلاع فراہم کی جائے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپوٹرزکے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور مسافروں سے اضافی رقم واپس کرائی جائے گی۔
اس سلسلے میں اضلاع میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو کرایوں کی نگرانی کریں گی اور کسی بھی خلاف ورزی کی فوری رپورٹ حکومت کو پیش کریں گی۔
بلال اکبر خان نے واضح کیا کہ ڈیزل کی قیمت میں کمی کا براہ راست فائدہ عوام تک پہنچانا اولین ترجیح ہے اور کوئی بھی ٹرانسپورٹر اس حوالے سے رعایت کا مستحق نہیں ہوگا۔
پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے 16 ارب روپے کی منظوری
انہوں نے مسافروں سے بھی اپیل کی کہ کسی قسم کی زیادتی کی صورت میں متعلقہ حکام کو فوری اطلاع دیں تاکہ قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
اس فیصلے سے عام شہریوں کی روزمرہ آمدورفت میں خاطر خواہ آسانی متوقع ہے اور صوبائی حکومت کے عوام دوست اقدامات کی عکاسی کرتا ہے۔
