ہالی ووڈ کے معروف اداکار اور فلم ساز روب رائنر اور ان کی اہلیہ کی لاشیں ان کے لاس اینجلس میں واقع گھر سے برآمد ہوئی ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق مقامی میڈیا نے اتوار کے روز اس واقعے کی اطلاع دی، ابتدائی طور پر لاشوں کی شناخت اور موت کی وجہ معلوم نہ ہو سکی تھی۔
لاس اینجلس فائر ڈیپارٹمنٹ کے ایک عہدیدار کے مطابق مغربی لاس اینجلس میں واقع ایک رہائشی مکان سے 78 سالہ مرد اور 68 سالہ خاتون کی لاشیں ملی ہیں۔ سرکاری ریکارڈ کے مطابق یہ پتہ ہالی ووڈ اسٹار روب رائنر سے منسلک بتایا جا رہا ہے۔
پولیس اور متعلقہ حکام کی جانب سے واقعے کی تحقیقات کے دوران اس بات کی تصدیق ہو گئی کہ لاشیں کسی اور کی نہیں بلکہ روب رائنر اور ان کی اہلیہ کی ہیں۔
واضح رہے کہ روب رائنر کا شمار ہالی ووڈ کی نامور شخصیات میں ہوتا ہے۔ وہ 1970 کی دہائی کے مشہور امریکی ٹی وی کامیڈی شو آل ان دی فیملی میں اداکاری کر چکے ہیں، جبکہ انہوں نے دس اِز اسپائنل ٹیپ، وین ہیری میٹ سیلی، اسٹینڈ بائی می اور دی امریکن پریذیڈنٹ جیسی کامیاب فلموں کی ہدایت کاری بھی کی ہے۔

