پشاور، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ امن کی بحالی کے بغیر ترقی اور خوشحالی ممکن نہیں، یہ بات انہوں نے بائزئی ضلع مہمند کے عمائدین کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔
عمائدین نے وزیراعلیٰ کو قبائلی اضلاع کا فخر قراردیتے ہوئے کہا کہ وہ صوبائی حقوق کے حصول اورامن کے قیام کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
سہیل آفریدی نے قبائلی عمائدین کی غیر مشروط حمایت پراظہارتشکر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت سب سے بڑا مسئلہ امن ہے اور یہی حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صوبائی اسمبلی میں خیبرپختونخوا گرینڈ امن جرگے کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس میں شریک تمام سیاسی جماعتوں اور اسٹیک ہولڈرزنے متفقہ اعلامیہ جاری کیا۔
کل کے احتجاج کے حوالے سے پارٹی جو فیصلہ کرے گی ، عمل کریں گے ، سہیل آفریدی
وزیراعلیٰ نے انضمام کے وقت قبائلی اضلاع کو دیئے گئے مالی وعدوں کی عدم تکمیل پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاق پرصوبائی حکومت کے اربوں روپے کے بقایا جات واجب الادا ہیں۔
انہوں نے یقین دلایا کہ قبائلی اضلاع کو ان کے حقوق دلانے کے لیے کوششیں جاری رہیں گی اور ضم اضلاع میں یونیورسٹی کے ساتھ میڈیکل اورنرسنگ کالجز بھی قائم کیے جائیں گے تاکہ تعلیم اورصحت کے شعبے میں معیار بلند کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امن اوراستحکام کی بحالی کے بغیرترقیاتی منصوبوں کا عملی نفاذ ممکن نہیں، اس لیے حکومت تمام سیاسی اورقبائلی اسٹیک ہولڈرز کیساتھ مل کرامن وخوشحالی کے لیے کام کررہی ہے۔
