صدرِ آصف زرداری کی امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے دوحہ میں ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا جب کہ اس دوران امیر قطر نے صدر کی جانب سے دورہ پاکستان کی دعوت بھی قبول کی۔
ملاقات میں شیخ تمیم بن حمد الثانی نے کہا کہ قطر کو پاکستان اور اس کی کامیابیوں پر فخر ہے۔ انہوں نے ملک میں موجود پاکستانی برادری کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے ان کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
امیرِ قطر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ خوش آئند اور بروقت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا میں ایک منفرد مقام رکھتا ہے جو چین، مغرب اور خلیجی ممالک سے بیک وقت تعلقات رکھتا ہے۔
اس موقع پر صدرِ آصف زرداری نے امیرِ قطر کو حکومتِ پاکستان اور عوام کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا جب کہ صدرِ مملکت نے قطر کی ترقی اور امیرِ قطر کی بصیرت افروز قیادت کو سراہا۔
صدر آصف زرداری نے امیر قطر کو دونوں ممالک کے درمیان دفاع، دفاعی پیداوار، زراعت اور غذائی تحفظ میں تعاون بڑھانے کی تجویز دی، جس پر امیرِ قطر نے رضامندی ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری رابطوں کی ہدایت کی۔
صدر آصف زرداری نے دوحا مذاکرات کی میزبانی اور افغانستان سے متعلق کردار کو سراہا۔ امیرِ قطر نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور افغانستان موجودہ مسائل حل کرکے حالیہ چیلنجز کو پسِ پشت ڈال دیں گے۔
ملاقات میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور قطر میں پاکستانی سفیر بھی موجود تھے۔
