لندن، برطانیہ میں ایک چینی نژاد خاتون کو عالمی سطح پر دھوکہ دہی اور منی لانڈرنگ اسکینڈل میں مجرم قرار دیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو کرنسی ضبطی عمل میں آئی۔
میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق 61 ہزاربٹ کوائن برآمد ہوئے جن کی مالیت موجودہ نرخوں کے مطابق 5 ارب پاؤنڈ (6.7 ارب ڈالر) سے زائد ہے۔
47 سالہ ژیمِن چیان المعروف یادی ژانگ نے ساؤتھ وارک کراؤن کورٹ میں غیر قانونی طور پر کرپٹو کرنسی حاصل کرنے اور رکھنے کا اعتراف کیا۔
پولیس کے مطابق 2014 سے 2017 کے دوران انہوں نے چین میں 1 لاکھ 28 ہزار سے زائد افراد کو دھوکہ دیا اور حاصل شدہ رقوم بٹ کوائن میں منتقل کر دیں۔
میٹ پولیس نے بتایا کہ ملزمہ پانچ سال تک جعلی دستاویزات کے ذریعے برطانیہ میں روپوش رہی اور لندن میں جائیدادیں خرید کر رقوم کو سفید کرنے کی کوشش کی۔
تفتیشی ٹیم کے مطابق یہ کارروائی کئی ممالک میں پھیلے پیچیدہ نیٹ ورک کے خلاف سات سالہ مشترکہ تحقیقات کا نتیجہ ہے،ملزمہ کی معاون جیان وین کو گزشتہ برس ساڑھے چھ سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
وین نے دھوکہ دہی سے حاصل شدہ رقم دبئی میں جائیدادیں خریدنے اور لندن میں پرتعیش زندگی گزارنے پرخرچ کی، جس پر پولیس نے 30 کروڑ پاؤنڈ مالیت کے بٹ کوائن بھی ضبط کیے۔
سعودی کابینہ کا غزہ میں جنگ بندی اور امن معاہدے کی حمایت
قانونی ماہرین کے مطابق متاثرین کی بڑی تعداد اب بھی معاوضے کی منتظر ہے اگرچہ ژانگ کے وکیل کا کہنا ہے کہ بٹ کوائن کی بڑھتی قیمت متاثرین کی ادائیگی کے لیے کافی ہے۔
ژانگ کو آئندہ سماعت تک حراست میں رکھا گیا ہے جبکہ دیگرملزمان کے خلاف کارروائی جاری ہے۔
