لاہور: 26 اراکین کی معطلی کے معاملے پر اسپیکر پنجاب اسمبلی سے اپوزیشن اراکین کی ملاقات بے نتیجہ ختم ہو گئی۔
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد بھچر نے 26 اراکین کی معطلی کے معاملے پر اسپیکر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محمد احمد خان اور حکومتی اراکین سے معاملے پر بات چیت ہوئی ہے لیکن آج کی ملاقات نیتجہ خیز نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ اگلے دو، تین دن کے اندر دوبارہ ملاقات ہو گی۔ معافی کا کسی نے نہیں کہا۔ اور یہ معاملہ ہماری پارٹی کے مؤقف کا ہے۔ دعا کریں کوئی اچھا نتیجہ نکل آئے۔
ملک احمد بھچر نے کہا کہ ہمارے 26 اراکین معطل اور ان کو جرمانہ ہوا ہے۔ ہنگامہ آرائی دونوں اطراف سے ہوئی۔ تاہم اسپیکر پنجاب اسمبلی ہر معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ابھی یہ ابتدائی مرحلہ ہے۔ اور ڈیڈ لاک نہیں ہے۔ بات چیت جاری ہے ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا معاملات آگے چلیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: عالیہ حمزہ اجلاس میں نہ بلانے پر اپنی ہی قیادت پر برس پڑیں
دوسری جانب وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ آج سپیکر کی سربراہی میں اپوزیشن سے مذاکرات جاری رہے۔ اور ابھی کچھ چیزیں فائنل نہیں ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے بہت ساری باتوں سے اتفاق کیا ہے۔ پنجاب کے عوام چاہتے ہیں عزت اور وقار کے ساتھ اسمبلی کو چلنا چاہیے۔ اسمبلی میں ہلڑبازی، توڑپھوڑ، ماردھاڑ کلچر کو ختم کریں گے۔
