وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ آپریشن”سندور”تندور بن چکا ہے، 10 مئی کو بھی نواز شریف نے وزیراعظم کے ساتھ مل کر ملک کو بچانے میں تاریخی کردار ادا کیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ڈی جی پی آر میں وزیر زراعت سید عاشق کرمانی کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے کہا کہ آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کامیابی سے مکمل ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اس آپریشن کے کامیاب اختتام پر وزیراعظم کی ہدایت پر یوم تشکر منایا گیا جبکہ وزیر اعلی مریم نواز کی جانب سے تمام اسکولوں میں اسمبلی کے دوران اس دن کو خراج تحسین کے طور پر منانے کی ہدایت جاری کی گئی۔
پاکستان اور بھارت کو مزید قریب لائیں گے،دونوں ساتھ ڈنر کریں تو یہ اچھا ہو گا،امریکی صدر
عظمی بخاری نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب خود زخمیوں کی عیادت کیلئے سی ایم ایچ تشریف لے گئیں اور شہدا کے اہلِ خانہ سے اظہارِ یکجہتی کیا۔
انہوں نے کہا کہ قوم اپنے شہدا کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے بھارتی جارحیت میں جامِ شہادت نوش کیا۔
عظمی بخاری نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی حالیہ تقریر کو شکست خوردہ اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ “مودی صاحب فلموں کی طرح سمجھ رہے تھے کہ پاکستان کو ہرا لیں گے،لیکن یہ جنگ حقیقت تھی، کوئی فلمی سین نہیں۔
انہوں نے بھارتی میڈیا کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ وہ پروپیگنڈا پھیلانے کے بجائے حقائق کا سامنا کریں۔