لاہور: پاکستان اور بھارت کی درمیان جنگ بندی کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے امکانات روشن ہو گئے۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بھی دورہ پاکستان کے لیے گرین سگنل دے دیا۔ پاکستان بنگلہ دیش کے خلاف ٹی 20 سیریز کے 5 میچز 25 مئی سے 3 جون تک فیصل آباد میں کھیلے جائیں گے۔
بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے خلاف 2 ٹی 20 میچز 17 اور 19 مئی کو کھیلے گی۔ اس کے بعد 21 مئی کو بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سابق ٹیسٹ کرکٹر اسٹورٹ میک گل کو منشیات کیس میں کمیونیٹی سروس کی سزا
اس سے قبل بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے اپنے اعلامیہ میں کہا تھا کہ دورہ پاکستان کے حوالے سے گفتگو جاری ہے۔ تاہم کھلاڑیوں اور عملے کی حفاظت اور تحفظ بورڈ کی اولین ترجیح ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دورے سے متعلق تمام فیصلے پاکستان کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کئے جائیں گے۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے پاک بھارت جنگ کے باعث دورہ پاکستان مؤخر کر دیا تھا۔