واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو جلد پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ سے رابطہ کریں گے۔
ترجمان محکمہ خارجہ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ دونوں ممالک کو کشیدگی میں اضافے سے گریزکرنے کا مشورہ دیں گے۔
چین کی بھارت اور پاکستان سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل
بیان میں کہا گیا کہ امریکہ مقبوضہ کشمیرمیں پیش آنے والے حالیہ واقعے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور معاملے کی حساسیت سے مکمل طور پر آگاہ ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ امریکی حکومت خطے میں امن و استحکام کی حامی ہے اوراسی سلسلے میں وزیر خارجہ مارکو روبیو دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی رابطے کریں گے۔
امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ اس معاملے کو نہایت سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے اور فریقین سے سفارتی ذرائع کے ذریعے رابطے میں ہے۔
ترجمان نے زور دیا کہ واشنگٹن کسی بھی ایسے اقدام کی حوصلہ افزائی نہیں کرے گا جوخطے میں مزید کشیدگی کا باعث بنے۔