کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی روزگار، ترقی اور تعلیم کا شہر ہے جہاں ملک کے ہر علاقے کے لوگ آکر آباد ہونا چاہتے ہیں۔
کاٹی کے ایوارڈ اور ڈنر پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے کورنگی خصوصاً صنعتی علاقے کی ترقی اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے متعدد منصوبے مکمل کیے ہیں۔
کاٹی کے ایوارڈ اور ڈنر پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے کورنگی کے صنعتی علاقے میں کیے گئے منصوبوں کو کاٹی کی قیادت نے سراہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب وہ پہلی مرتبہ کاٹی آئے تو صنعتکار دوستوں نے بتایا کہ بارش کے باعث کورنگی کاز وے بند ہوجاتا ہے، جس سے صنعتی سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صنعتکاروں کی نشاندہی پر کورنگی کاز وے پر فلائی اوور بنانے کا فیصلہ کیا، جسے آج کاٹی کی قیادت بھی سراہ رہی ہے۔
کورنگی کے تمام روڈز، صنعتی علاقوں کی سڑکیں اور برجز سندھ حکومت کے ترقیاتی کاموں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے آٹزم کا شکار بچوں کے لیے اسکول بھی کورنگی میں قائم کیا ہے، جبکہ کاٹی کو جلد ایک اسنارکل بھی فراہم کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ یلو لائن منصوبے کی تعمیر کے حوالے سے کاٹی کے دوستوں سے مشاورت کی جائے گی تاکہ صنعتی علاقے کی ضروریات کو مدنظر رکھا جاسکے۔
امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے اقدامات
مراد علی شاہ نے کہا کہ کورنگی کے علاقے میں امن و امان بہتر بنانے کے لیے کاٹی کے عہدیداروں اور صنعتکاروں کے مشوروں کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات کیے گئے۔
آج کورنگی خصوصاً صنعتی علاقے میں مثالی امن و امان قائم ہونے پر کاٹی کے عہدیداروں نے بھی سندھ حکومت کے اقدامات کو سراہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کچے کے علاقے میں امن و امان کا مسئلہ سندھ حکومت کے لیے باعث تشویش رہا، تاہم بالآخر حکومت نے وہاں امن بحال کیا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ امن و امان کی بہتری سے صنعتی اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملتا ہے۔
پانی کا مسئلہ جلد حل کرنے کی یقین دہانی
مراد علی شاہ نے کہا کہ کاٹی کے علاقے میں پانی کا مسئلہ جلد حل کیا جائے گا۔ سندھ حکومت نے کاٹی کو سڑکوں کی تعمیر کے لیے 2 ارب روپے فراہم کیے تھے۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ حکومت پر ترقیاتی کاموں میں سست روی کے الزامات عائد کیے جاتے ہیں، لیکن کاٹی کو 6 ماہ قبل 2 ارب روپے ملنے کے باوجود ابھی تک کام شروع نہیں ہوا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کاٹی کے نئے عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حکومت صنعتکاروں کے مسائل کے حل اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے تعاون جاری رکھے گی۔



