37 فیصد درخواستوں کے فیصلے مکمل،انتخابی ٹربیونلز کی کارکردگی سے متعلق رپورٹ جاری

fafen

فافن نے الیکشن ٹریبونلز پر رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق قومی اسمبلی کی 26 اور صوبائی اسمبلی کی 42 فیصد انتخابی درخواستوں کا فیصلہ ہو چکا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یکم فروری سے 20 اپریل 2025 تک 24 انتخابی درخواستیں نمٹائی گئیں،مجموعی طور پر 136 درخواستوں کا فیصلہ ہو چکا، جو کل کا 37 فیصد ہے،عام انتخابات 2024 کے بعد 372 درخواستوں پر کارروائی جاری ہے۔

پنجاب میں 21، بلوچستان میں 2 اور سندھ میں ایک درخواست کا فیصلہ ہوا،خیبر پختونخوا میں اس مدت کے دوران کوئی فیصلہ نہ ہو سکا،پنجاب میں 8 درخواستیں لاہور، 7 راولپنڈی اور 6 بہاولپور کے ٹربیونلز نے نمٹائیں۔

بلوچستان کے کوئٹہ ٹربیونلز نے ایک ایک درخواست نمٹائی،کراچی کے ٹربیونل نے ایک درخواست کا فیصلہ کیا،چار ٹربیونلز کی غیر فعالیت کے باعث فیصلوں کی رفتار سست رہی۔

بلوچستان کے ٹربیونلز نے 83 فیصد انتخابی درخواستیں نمٹا دیں،پنجاب کے ٹربیونلز نے 34 ، سندھ 22 اور خیبر پختونخوا کے ٹربیونلز  نے 21 فیصد درخواستوں کا فیصلہ کیا۔

قومی اسمبلی کی 124 میں سے 33 انتخابی درخواستوں کا فیصلہ ہو چکا،صوبائی اسمبلی کی 248 میں سے 103 درخواستیں نمٹائی جا چکی ہیں،136میں سے 133 درخواستیں خارج اور 3 قبول ہوئیں۔

52درخواستیں ناقابل سماعت قرار دے کر خارج ہوئیں،21درخواستیں شواہد نہ ہونے پر خارج کی گئیں،9درخواستیں واپس ،14 عدم پیروی پر خارج ہوئیں،3 درخواستیں دیگر وجوہات پر خارج ہوئیں،قبول شدہ تینوں درخواستیں بلوچستان اسمبلی کی نشستوں سے متعلق تھیں۔

رپورٹ کے مطابق پی بی 44، پی بی 45 اور پی بی 36 میں دوبارہ پولنگ کے احکامات جاری ہوئے،پی بی 45 میں دوبارہ پولنگ ہو چکی، پی بی 44 اور پی بی 36 میں التوا کا شکار ہے۔

55فیصد انتخابی درخواستیں پی ٹی آئی حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے دائر کیں،56فیصد پی ٹی آئی حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کی درخواستوں کا فیصلہ ہو چکا۔

ن لیگ39 ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم 13 اور جے یو آئی کے 5 فیصد امیدواروں کیخلاف درخواستیں دائر ہوئیں،آزاد امیدواروں کے خلاف 58 فیصد درخواستوں کا فیصلہ ہو چکا۔

54انتخابی فیصلوں کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیلیں دائر ہو چکی ہیں،تین اپیلیں قبول شدہ درخواستوں کے خلاف دائر ہوئیں،پی بی 44 میں پیپلز پارٹی کی اپیل سپریم کورٹ میں منظورہوئی۔

پی بی 45 میں پیپلز پارٹی کی اپیل سپریم کورٹ میں خارج ہوئی ،پی بی 36 میں بی اے پی کی اپیل زیر التوا ہے،51 اپیلیں مسترد شدہ انتخابی درخواستوں کے خلاف دائر ہوئیں۔اب تک چار اپیلیں سپریم کورٹ سے مسترد ہو چکی ہیں،باقی 47 اپیلیں سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہیں۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں