لاہور: قومی ایئر لائن پی آئی اے نے لاہور سے باکو کے لیے پروازوں کا آغاز کر دیا۔
پی آئی اے کی پہلی پرواز پی کے 159 لاہور سے 152 مسافروں کو لے کر باکو کے لیے روانہ ہوئی۔ پرواز کی روانگی سے قبل لاہور ایئرپورٹ پر تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا۔ تقریب میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف مہمان خصوصی شریک تھے۔
پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر اور وزارت ہوا بازی کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل لوگوں کا خیال تھا کہ پی آئی اے کبھی مشکل سے نہیں نکل سکے گی۔ تاہم جامع اصلاحاتی پروگرام کے بعد آج پی آئی اے اپنے قدموں پر کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے اپنے نیٹ ورک کو وسعت دے رہا ہے اور باکو اس سلسلے کی کڑی ہے۔ جبکہ براہ راست پروازوں سے پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات مستحکم ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: بچوں کے محفوظ مستقبل کیلئے پولیو کا خاتمہ ضروری ہے، وزیر اعظم
خواجہ آصف نے کہا کہ پی آئی اے کی بحالی کا سلسلہ 2022 میں شروع کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں پی آئی اے کی بحالی جاری ہے۔ اور وزارت ہوا بازی نے پی آئی اے کی بحالی کے لیے بہت محنت کی۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے لیے نئے روٹس متعارف کرا رہے ہیں۔ اور برطانیہ کے لیے پروازیں جلد شروع ہونے کی امید ہے۔