محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت مختلف مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، کشمیر اورگلگت بلتستان میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بالائی خیبرپختونخوا، خطہ پوٹھوہار، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی توقع ہے۔
آج اسلام آباد اور گرد و نواح میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ شام یا رات کے دوران تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر تیز بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
مری،گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، تلہ گنگ، میانوالی، حافظ آباد، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، میانوالی، بھکر، فیصل آباد، سرگودھا میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔ اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری ہونے کا بھی امکان ہے۔
این اے 213 ، پیپلزپارٹی کی امیدوار صبا تالپور بھاری اکثریت سے کامیاب
سندھ کے بیشتر اضلاع گرمی کے زیر اثر ہی رہیں گے، بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان اور گرد و نواح میں آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
بٹگرام، بونیر، کرم، باجوڑ، مہمند، پشاور، کوہاٹ، بنوں، وزیرستان، ٹانک، لکی مروت، ڈی آئی خان میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری ہونے کی توقع ہے۔ اس دوران دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
دوسری جانب این ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں موسمی صورتحال کاالرٹ جاری کردیا ہے، این ڈی ایم اے کے مطابق مالاکنڈ، ہزارہ، بنوں، چارسدہ، کرک سمیت کئی اضلاع متاثر ہو سکتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق پشاور، مردان، نوشہرہ، سوات اور گرد و نواح میں موسم خراب رہنے کا امکان ہے، بارش اور برفباری سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ اہم شاہراہوں پر خصوصاً مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژنوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، بارشوں کی وجہ سے فلیش فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، شہریوں سے کہاگیا ہے کہ موسمی حالات سے آگاہ رہنے کیلئے موبائل ایپ این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ کو فالو کریں۔
شہریوں سے کہاگیا ہے کہ سفر سے پہلے خصوصاً ہزارہ اور مالاکنڈ ریجن سے منسلک سڑکوں کی صورتحال سے آگاہی رکھیں، موسلادھار بارش میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں بعد از دوپہر مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہونے کا بھی امکان ہے۔