لاہور ہائی کورٹ: شاہد خاقان اور احسن اقبال کے خلاف مقدمات کی سماعت

لاہور ہائیکورٹ بجلی سستی

لاہور: آج  لاہور ہائی کورٹ میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی نااہلی اور سابق وزیرداخلہ احسن اقبال کے خلاف توہین عدالت سمیت متعدد اہم مقدمات کی سماعت ہو گی۔

لاہور ہائی کورٹ کی کازلسٹ کے مطابق شاہد خاقان عباسی کو اپیلٹ کورٹ کی جانب سے این اے 57  سے نااہل  قرار دینے کے فیصلے کے خلاف آج سماعت ہو گی، اسی طرح عمران شیرعلی کے  پی پی 117 سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف کیس کی سماعت بھی آج کی کاز لسٹ میں شامل ہے۔

لاہور ہائی کورٹ میں آج زیرسماعت دیگر اہم  کیسز میں الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق کے خلاف دائر درخواست شامل ہے جس میں عدالت نے الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت سے جواب طلب کر رکھا ہے، درخواست گزار کے وکیل شہزادہ  مظہر کا کہنا ہے کہ پینا فلیکس کے استعمال  پر پابندی آئین کی خلاف ورزی ہے، انہوں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ انتخابی مہم میں پینا فلیکس استعمال کرنے کی اجازت دی جائے۔

اس سے قبل لاہور ہائی کورٹ نے اپیلٹ کورٹ کا وہ فیصلہ معطل کر دیا تھا جس میں شاہد خاقان عباسی کو تاحیات نااہل قرار دیا گیا تھا، جمعہ کے روز احسن اقبال نے لاہورہائی کورٹ میں پیش ہو کر اپنا تفصیلی جواب جمع کرایا جس میں انہوں نے عدالت سے غیرمشروط معافی مانگ لی تھی۔


متعلقہ خبریں