سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی: کہیں برکھا برسی کہیں بوندوں کا انتظار

سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی: کہیں برکھا برسی کہیں بوندوں کا انتظار | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: بادلوں نے ملک کے بیشتر علاقوں کو لپیٹ میں لے رکھا ہے تاہم وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت کئی مقامات ایسے ہیں جہاں رم جھم پھوار برسنے کا انتظار ابھی تک باقی ہے۔

لاہور اور فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے۔ کراچی میں گہرے کالے بادل چھائے ہوئے ہیں لیکن بارش کا نام و نشان نہیں۔

ہم نیوز کے نمائندوں کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں کہیں بارش تو کہیں بادلوں کے ڈیرے کئی روز سے مسلسل نظر آنے والا منظر بن چکا ہے۔ البتہ اس منظر کے نتیجے میں کئی علاقوں سے گرمی کی چھٹی ہو گئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد بادلوں سے ڈھکا ہوا ہے، سورج نظر آنے کی کوشش کرتا ہے لیکن پھر اوٹ لے لیتا ہے۔ کچھ ایسی ہی صورتحال راولپنڈی کی بھی ہے۔ لاہور میں بوندا باندی سے موسم کے تیور بدل گئے ۔

پنجاب کے دیگر علاقوں فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، وہاڑی، پنڈ دادن خان، اوکاڑہ، چنیوٹ میں بھی بارش ہوئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے آج اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کر رکھی ہے۔ ساہیوال، بہاولپور، میرپورخاص، حیدرآباد ڈویژن، فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

موسم کے اتار چڑھاؤ پر نظر رکھنے کے ذمہ دار ادارے کا کہنا ہے کہ کراچی میں بوندا باندی ہو سکتی ہے۔ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت چونتیس سے چھتیس ڈگری سینٹی گریڈ ہو سکتا ہے ۔


متعلقہ خبریں