لاہور: سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ترکی کے صدررجب طیب ایردوان کو دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے، دونوں رہنماؤں کے مابین ٹیلی فون پرعالمی اور پاک ترک تعلقات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
شہبازشریف نے ترک صدر سے کہا کہ صدارتی انتخاب میں ترک عوام کی اکثریت کا آپ پراعتماد کا اظہار قابل تحسین ہے، انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر وہ اپنی انتخابی مہم میں مصروف نہ ہوتے تو ترک صدر اورعوام کو مبارکباد دینے خود ترکی آتے لیکن ابھی ایسا ممکن نہیں۔
ترک صدرنے بھی نوازشریف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیگم کلثوم نوازکی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں، نواز شریف اور ان کے خاندان کے لیے یہ مشکل وقت ہے۔
انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئندہ انتخابات جمہوریت کو مستحکم کرنے کے لیے اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ جمہوریت کا تسلسل چلتا رہنا چاہیے۔