کراچی: کراچی پولیس نے دوران ڈیوٹی سوشل میڈیا کے استعمال پر کارروائی کا دائرہ وسیع کر دیا۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی نے دوران ڈیوٹی سوشل میڈیا استعمال کرنے پر مزید 12 اہلکاروں کو معطل کر دیا۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی کی جانب سے سوشل میڈیا کے دوران ڈیوٹی استعمال کرنے پر معطل کیے گئے اہلکاروں میں 3 خواتین اور 9 مرد شامل ہیں۔
کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز بھی 6 اہلکاروں کو معطل کیا گیا تھا اور اب تک معطل کیے گئے اہلکاروں کی تعداد 18 ہو گئی ہے۔ اہلکاروں کی معطلی سے متعلق باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیے گئے ہیں۔
انسپکٹر جنرل سندھ پولیس غلام نبی میمن نے ایڈیشنل آئی جی کراچی، زونل ڈی آئی جیز و ایس ایس پیز کراچی کو احکامات جاری کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نیشنل ایکشن پلان کی طرز پر پنجاب میں صوبائی ایکشن پلان مرتب کرنے کا فیصلہ
آئی جی سندھ نے ہدایت کی ہے کہ بیہودہ، ذومعنی وائس اوور، پلے بیک گانا، بدلحاظی پر مشتمل ویڈیو پر کارروائی کی جائے۔ ایسے پولیس ٹک ٹاکرز کے خلاف فی الفور محکمانہ اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایسی ویڈیوز بنا کر پولیس کی بدنامی کا باعث بننے والوں کی محکمے میں کوئی گنجائش نہیں۔ محکمہ پولیس ایک یونیفارم ڈسپلن فورس ہے پولیس وردی کا احترام ہم سب پر لازم ہے۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ مرد اور خواتین پولیس ملازمین کو ٹک ٹاک پر ویڈیو اپ لوڈ نہ کرنے کا پابند بنایا جائے۔ ٹک ٹاک پر ویڈیو شیئر کرنے والے پولیس ملازمین کے خلاف بھی انضباطی کارروائی یقینی بنائی جائے۔ پولیس یونیفارم میں کسی بھی پلیٹ فارم سے ویڈیو بنانے کی ہر گز اجازت نہ ہو گی۔