رانا ثناء اللہ سے مذاکرات کے بعد یوٹیلٹی اسٹورز ملازمین نے ڈی چوک سے دھرنا ختم کر دیا۔
دھرنا دوبارہ یوٹیلٹی اسٹو رز کارپوریشن کے ہیڈ آفس منتقل کر دیا، احتجاجی ملازمین کا کہنا تھا کہ آئندہ پیر تک مطالبات نہ مانے گئے تو وہ دوبارہ ڈی چوک پر دھرنا دیں گے۔
وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے یوٹیلٹی اسٹو رز ملازمین نمائندہ مذاکراتی کمیٹی کے ساتھ ملاقات کی تھی، رانا ثناء اللہ نے مذاکرتی کمیٹی سے پیر تک کا وقت مانگا تھا کیونکہ متعلقہ وزیر بھائی کے انتقال کی وجہ سے اسلام آباد میں موجود نہیں ہیں۔
ڈی چوک میں یوٹیلٹی اسٹورز ملازمین اور پولیس آمنے سامنے، سرینا اور نادرا چوک سیل
رانا ثناء اللہ کے ساتھ ملاقات کے بعد مثبت پیشرفت ہوئی اور ملازمین نے دھرنا ڈی چوک سے یوٹیلٹی اسٹورز ہیڈ آفس کے باہر منتقل کرنے کا اعلان کر دیا۔
دھرنا قائدین نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کی درخواست پر 4 روز کے لئے دھرنا منتقل کر رہے ہیں،انہوں نے یقین دلایا ہے کہ متعلقہ وفاقی وزیر پیر کو واپس آئیں گے، دھرنا ختم نہیں کررہے بلکہ اپنے ہیڈ آفس منتقل کر رہے ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کے ملازمین بے روزگار نہیں رہیں گے، انہیں دوسرے محکموں میں ملازمت دی جائے گی۔