لاہور: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے سوشل میڈیا پر اپنی ہی بیوی کی غیر اخلاقی ویڈیوز پھیلا کر بلیک میل کرنے والا ملزم فیصل گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے نے واپڈا ٹاؤن لاہور میں کارروائی کر کے فیصل نامی شخص کو گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے برآمد ہونے والا موبائل فون و لیپ ٹاپ تحویل میں لے لیا۔
ملزم کے موبائل فون سے خاتون کی تصاویراوروڈیوز بھی برآمد ہوئی ہیں۔ ایف آئی اے نے ملزم کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔
ملزم فیصل کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ اس کی شادی جنوری میں ہوئی تھی۔ شادی کے ایک ماہ بعد گھر میں جھگڑے شروع ہوگئے تو مجھے میکے آنا پڑا۔
فیصل کی بیوی نے ایف آئی اے کو بتایا کہ میرے شوہر نے شادی کے بعد چوری چھپے کچھ غیر اخلاقی ویڈیوز بنائیں۔ میرے میکے جانے کے بعد فیصل نے ویڈیوز کا غلط استعمال کیا اور مجھے بلیک میل کرنا شروع کردیا۔
ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر خالد انیس نے انکشاف کیا ہے کہ سائبر کرائم کی مد میں 80 فیصد کیسز سوشل میڈیا پر لڑکیوں کو بلیک میل کرنے کے رپورٹ ہوتے ہیں۔
خالد انیس نے عوام الناس کو پیغام دیا کہ ایسے واقعات کی صورت میں متاثرین کو چاہیے کہ وہ خاموشی اختیارکرکے گھرمیں نہ بیٹھیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کا کہنا ہے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کو درخواست دینے کی صورت میں ملزمان کے خلاف کارروائی کی جاسکے گی، نتیجتاً لوگوں کو بالعموم اور بچیوں و لڑکیوں کو بالخصوص تحفظ مہیا ہوسکے گا۔