صدرِ مملکت اور وزیراعظم شہباز شریف نے اقلیتوں کے قومی دن پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر پاکستانی کو اپنے عقیدے کے مطابق زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمارا مذہب اسلام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو مکمل طور پر تسلیم کرتا ہے۔ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کے اعتراف میں یہ دن مناتے ہیں۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کے حقوق و مذہبی آزادیوں کے تحفظ کے لیے قائد اعظم کے 11 اگست 1947ء کے وعدے پر قائم رہیں گے۔ اقلیتوں کو آئینِ پاکستان میں ضمانت کردہ تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں۔
ملکی ترقی اور خوشحالی میں اقلیتی برادری کا حصہ ناقابل فراموش ہے ، پاک فوج
انہوں نے کہا کہ ہم نے سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کے لیے 5 فیصد کوٹہ مختص کیا ہے، پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ان کے لیے نشستیں مختص ہیں۔ اقلیتی طلباء کو وظائف، عبادت گاہوں کی مرمت اور دیکھ بھال کی فنڈنگ کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
صدرِ پاکستان نے مزید کہا کہ ہر پاکستانی کو مذہب، ذات، رنگ یا نسل کی تفریق کے بغیر زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔ پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں آگے بڑھنے کے لیے مساوی مواقع دے گا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر میں پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ ملکی ترقی و خوشحالی میں ان کے شاندار کردار پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سرکاری سطح پر اقلیتوں کا قومی دن منانے کا مقصد پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان کی ریاست پاکستان کے لئے خدمات کا اعتراف ہے۔ ہماری اقلیتی برادری نے تحریک پاکستان میں کلیدی کردار کیا۔
ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اقلیتوں سمیت سب کو کام کرنا ہو گا ، صدر زرداری
انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے 11 اگست 1947 کو پاکستان کی آئین ساز اسمبلی میں ایک تاریخی تقریر میں اقلیتوں کے لیے مکمل مذہبی آزادی کا اعلان کیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی ترقی و خوشحالی کے لیے پر عزم ہیں اور آج کے دن ایک بار پھر ہم اسی عزم کا بھرپور اعادہ کرتے ہیں۔ حکومت پاکستان مذہبی اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے حوالے سے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔