محرم الحرام کے موقع پر یومِ عاشور کے جلوس کی وجہ سے سندھ پولیس کی جانب سے بند کی جانے والی تمام سڑکیں کھول دی گئی ہیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے نمائش چورنگی سے کھارادر تک تمام سڑکیں ٹریفک کے لیے بحال ہوگئی ہیں۔ ایم اے جناح روڈ سے متصل سڑکیں بھی کھول دی گئیں۔
پولیس نے بتایا ہے کہ صدر، ریگل چوک اور پریڈی اسٹریٹ صدر سے بھی رکاوٹیں ہٹا دی گئیں۔
ملک بھر میں یوم عاشور کے مرکزی جلوس پرامن طور پر اختتام پذیر ہو گئے
اس حوالے سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ محرم الحرام میں فول پروف حفاظتی اقدامات یقینی بنانے پر پولیس اور دیگر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ شاندار انتظامات کی وجہ سے عزاداروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
خیال رہے کہ کراچی میں یومِ عاشور کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوکر ایم اے جناح روڈ ، تبت سینٹر سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوا تھا۔