ایرانی صدر کی وفات پر وزیراعظم شہباز شریف کا پاکستان میں سوگ کا اعلان

ایرانی صدر

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان بھر میں یومِ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر وزیراعظم نے ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے پاکستان میں ایک روزہ سوگ منانے کا اعلان کرتے ہوئے پوری قوم کی جانب سے ایران سے تعزیت کا اظہار بھی کیا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ملک بھر کی سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی قوم ایران کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے حادثے میں شہید ہونے والوں کے درجات بلندی کی دعا بھی کی۔

ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا ، ایرانی صدر ابراہیم رئیسی ، وزیر خارجہ سمیت تمام افراد جاں بحق

انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد اچھی خبر کی امید تھی، افسوس کہ ایسا نہیں ہوا، وہ بچ نہ سکے۔ پاکستان نے گزشتہ ماہ ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ کی میزبانی کی تھی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ کی میزبانی قابل مسرت تھی۔ ابراہیم رئیسی پاکستان کے اچھے دوست تھے۔

دریں اثنا صدر آصف زرداری نے ہیلی کاپٹر حادثے میں ایرانی صدر کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ابراہیم رئیسی امت مسلمہ کے اتحاد کے حامی تھے ، آج پاکستان ایک عظیم دوست کو کھو دینے پر سوگوار ہے۔

علاوہ ازیں مریم نواز ،یوسف رضا گیلانی ، وزیر داخلہ محسن نقوی ، بلاول بھٹو ، سرفراز بگٹی ، آصفہ بھٹو ، شیری رحمن ، شاہد خاقان عباسی اور دیگر نے بھی ایرانی صدر کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا ، ایرانی صدر ابراہیم رئیسی ، وزیر خارجہ سمیت تمام افراد جاں بحق

خیال رہے کہ گزشتہ روز ایران اور آذربائیجان کی سرحد پر ڈیم کے افتتاح کی تقریب سے واپسی پر ابراہیم رئیسی کا ہیلی کاپٹر مشرقی آذربائیجان صوبے میں حادثے کا شکار ہوا تھا۔

دوسری طرف ایرانی میڈیا نے آج یہ دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی صدر کے کریش ہونے والے ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا ہے۔ ایرانی صدر سمیت ہیلی کاپٹر میں سوار تمام 9 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں