کراچی: پاکستان کا 3ڈی پراڈکشن ہاؤس Ingenuity Productionsکینز فلم فسٹیول میں اپنی 3ڈی اینیمیٹڈ فیچر فلم دی کرانیکلز آف عمر و عیار نمائش کیلئے پیش کررہا ہے۔
کینز فلم مارکیٹ میں پراڈکشن ہاؤس مارچے ڈو فلم (Marche Du Film)کی بی ٹو بی آن ڈیمانڈ سروس سناڈو(Cinando)کے ذریعے اپنی اینی میٹڈ فیچرفلم کوآن لائن پیش کرے گا۔
انجنیوٹی پراڈکشنز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حارث بشارت نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پیرس میں ہونے والا 77واں کینز فلم فسٹیول پاکستان کی فلم انڈسٹری کیلئے اہم ثابت ہورہا ہے۔ کینز فلم مارکیٹ میں ہماری فلم کی آن لائن موجودگی ناظرین کو بھرپور تفریح فراہم کرے گی اور یہ پاکستان سے ابھرنے والی بھرپور کہانی اور سینما کی صلاحیتوں کا اظہار ہے۔
دنیا بھر میں موجود پاکستانیوں کیلئے یہ خوشی کا موقع ہے کہ کراچی میں واقع اینیمیشن پراڈکشن ہاؤس انجنیوٹی پراڈکشن نے اپنی ماسٹر پیس تھری ڈی اینیمیٹڈ فیچرفلم دی کرانیکلز عمر وعیار کے ساتھ کینز فلم فسٹیول میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا ہے۔
ایک ایڈونچر تصور کے طورپر بیان کی گئی یہ فلم طلسمِ ہوش رُبا کہانی سے متاثر ہے۔ کہانی افسانوی چالاک ہیرو عمر وعیار کی سنسنی خیز مہم جوئی کو بیان کرتی ہے جب وہ حالات اور جادوئی دائروں سے گزرتا ہے۔
تاہم تصوراتی خیالات کے ساتھ کہانی میں ایک گہرا تھیم بھی ہے جو ہر عمر کے سامعین کے ساتھ چلتا ہے۔ حقیقی تعلق اور خود غرضی پر قابو پانے کی جستجو، عمر و عیار کا سفر نسل، جنس،طبقے، عمر اور شخصیت کے فرق سے بالا تر بننے کی طاقت کے ثبوت کا اظہار ہے۔
اینیمیٹڈ فلم کے علاوہ انجنیوٹی پراڈکشنزایک اور تھری ڈی اینی میٹڈ سیریز’سائنس وائجرز’ پر بھی کام کررہاہے۔ اس سیریز میں ایک متجسس لڑکے کو تاریخ کے عظیم سائنسدانوں سے ملنے کیلئے ٹائم ٹریولنگ مہم جوئی کاآغاز کرتے ہوئے دکھایاگیا ہے۔
اس کے علاوہ کمپنی نے 2شاندار ٹوڈی اینی میٹڈ سیریز بھی تیار کی ہیں۔ ماحولیاتی آلودگی پر توجہ مرکوز کرنے کیلئے Aria and the Magic Jungleاوربچپن کی نشونما پر ‘Yolki and Hatch’ سیریز ہیں۔ انجنیوٹی پراڈکشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حارث بشارت نے کہاکہ ہمیں یقین ہے کہ فلم کا شاندار انداز اور کہانی دنیا بھر کے ناظرین کو پسند آئے گی۔ ہم پاکستانی اینیمیشن انڈسٹری کی صلاحیت کو عالمی سطح پر پیش کرنا چاہتے ہیں۔

