میرے بیٹے نے شرپسندوں کے عزائم خاک میں ملا دیے، والد سب انسپکٹر عدنان شہید


آزاد جموں وکشمیر کے دلخراش سانحے میں شہید ہونے والے سب انسپکٹر عدنان قریشی کے والد نے کہا ہے کہ میرے بیٹے نے شر پسندوں کے عزائم خاک میں ملا دیے، ہم موت سے ڈرنے والے نہیں۔

سب انسپکٹر عدنان قریشی کے والد نے کہا ہے کہ مجھے باپ ہونے کے ناطے بہت دکھ ہے مگر مجھے فخر ہے کہ میرے بیٹے نے جام شہادت نوش کیا۔ میں نے اپنے بیٹے کو ملک و قوم کی خدمت کے لئے وقف کر دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے بچے کی طرح ہزاروں جوان ملک دشمنوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں، ہم موت سے ڈرنے والے نہیں ، میرا ایمان ہے کہ موت تو آنی ہے۔ ان انتشاری ٹولوں کا مقصد ملک میں افراتفری پھیلانا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف آج آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے، اہم ملاقاتیں متوقع

شہید سب انسپکٹر کے والد نے مزید کہا کہ اللہ کے فضل سے سینکڑوں عدنان وطنِ عزیز کی حفاظت کے لیے تیار ہیں۔

اس حوالے سے ایس ایس پی میر پور کامران علی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ شر پسندوں نے آزاد جموں و کشمیر کا امن تباہ کرنے کی کوشش کی۔ ہمارے بہت قیمتی آفیسر نے جام شہادت نوش کیا ہے، کسی صورت بھی ملوث عناصر کو نہیں چھوڑا جائے گا۔

کامران علی کا کہنا تھا کہ شر پسندوں نے روڈ بلاک کر رکھے تھے جس طرح ہمارے جوانوں نے زخمیوں کو وہاں سے نکالا اس پر میں انکو سلیوٹ پیش کرتا ہوں۔ فائرنگ اور پتھراؤ کے دوران عدنان شہید کو وہاں سے نکالا گیا۔

ایس ایچ او تھوتھل وجاہت کاظمی نے اس حوالے سے کہا کہ عدنان شہید کو جب گولی لگی تو انکا خون تیزی سے بہہ رہا تھا اور ان کے چہرے پرتب بھی مسکراہٹ تھی۔ عدنان شہید کی زبان پر اللہ اکبر اور کلمہ طیبہ کا ورد جاری تھا۔

آزاد کشمیر میں ہڑتال ختم ، 3 افراد کی ہلاکت پر آج سوگ کا اعلان

وجاہت کاظمی نے کہا کہ ان شر پسند عناصر کا مقصد احتجاج نہیں بلکہ آزاد جموں و کشمیر کا امن تباہ کرنا تھا۔ احتجاج کی آڑ میں امن تباہ کرنے والے یہ شر پسند عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

انہون نے مزید کہا کہ پولیس عوام کی محافظ ہے لیکن ریاست کے امن کو خراب کرنے اور انارکی پھیلانے والوں کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ سب انسپکٹرعدنان قریشی شہید کی قربانی ہماری آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں