کندھ کوٹ: سندھ کے علاقے کندھ کوٹ سے 26 روز قبل اغوا ہونے والے بچے ایاز پٹھان کو بازیاب کروا لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اے ایس پی نے دعوی کیا ہے کہ 6 سالہ بچے ایاز پٹھان کو کچے میں مقابلے کے بعد بازیاب کروایا گیا۔ پولیس کچے میں پہنچی تو ڈاکو بچے کو چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
گزشتہ روز ڈاکوؤں نے بچے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر پھیلائی تھی۔ جس میں زنجیروں میں بندھا ہوا بچہ مدد کے لیے پکار رہا تھا۔
واضح رہے کہ کندھ کوٹ کے کچے کے علاقے میں تاوان وصولی کے لیے ڈاکوؤں نے 6 سالہ معصوم بچے کو زنجیروں سے جکڑ کر اس کی ویڈیو وائرل کر دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: تعلیمی اداروں میں منشیات فروخت کرنے والے ملزمان گرفتار
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بچہ زارو قطار رو رہا ہے۔ ویڈیو میں مغوی بچہ اپنے ورثا سے اپیل کر رہا تھا کہ ڈاکوؤں کو پیسے دے کر میری جان چھڑوائیں۔
6 سالہ بچے ایاز پٹھان کو 25 روز قبل اغوا کیا گیا تھا اور ڈاکوؤں نے بچے کی بازیابی کے لیے ورثا سے 50 لاکھ روپے تاوان طلب کیا تھا۔