طوفانی بارشیں، وزیر اعلیٰ پنجاب کا پیشگی حفاظتی اقدامات کا حکم

مریم نواز

لاہور: پنجاب بھر میں مزید طوفانی بارشوں کے امکان پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پیشگی حفاظتی اقدامات کا حکم دے دیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور سمیت صوبے بھر میں مزید بارشوں کے امکان پر پیشگی حفاظتی اور ضروری انتظامی اقدامات کا حکم دے دیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہدایت کی کہ انتظامیہ اور واسا متحرک رہیں۔ نکاسی آب کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

مریم نواز نے 29 اپریل تک صوبے میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی پر پیشگی اقدامات کی ہدایات کی۔ وزیر اعلیٰ نے نکاسی آب کے لیے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ایم ڈی واسا کو متحرک رہنے کا حکم دے دیا۔

وزیر اعلی پنجاب نے متعلقہ آفیسرز کو شفٹ فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لاہور اور دیگر شہروں میں ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لیے بھی تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔

انہوں ںے کہا کہ شہریوں کی مدد کے لیے ٹریفک وارڈن فیلڈ میں فعال انداز میں فرائض سرانجام دیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاک سعودی معاشی تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں، شہباز شریف

مریم نواز نے ریسکیو سروسز کے اداروں کو فوری حفاظتی اقدامات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ نشیبی علاقوں سے عوام کی بروقت محفوظ مقامات پر منتقلی یقینی بنائی جائے۔ نشیبی علاقوں کے عوام کو صورتحال سے پیشگی خبردار کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا، سوشل میڈیا اور موبائل الرٹس سروس سے مدد لی جائے جبکہ دیہی علاقوں میں مال مویشیوں کی حفاظت کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں