پرتھ: سائنسدانوں نے آسٹریلیا میں ایک پُراسرار قسم کی چیونٹی دریافت کر لی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق شمال مشرقی آسٹریلیا کے پِلبارا خطے میں ہلکے پیلے رنگ کی پتلی اور لمبی ٹانگوں والی چیونٹی دریافت کی ہے جو تیز دھار جبڑے رکھتی ہے۔
دریافت کی گئی چیونٹی کا مسکن زیر زمین ہے۔ ماہرین نے چیونٹی کی اس قسم کا نام ہیری پورٹر سیریز کے کردار لارڈ وولڈمورٹ پر ’لیپٹینیلا وولڈمورٹ‘ رکھا ہے۔
یورنیورسٹی آف ویسٹرن آسٹریلیا کے ڈاکٹر مارک وونگ اور بینیلونگیا انوائرنمنٹل کنسلٹنٹ کی جین مک رائی نے اس نئی قسم کے متعلق تفصیلات جرنل زُو کیز میں شائع ہونے والے ایک مقالے میں پیش کیں۔
ماہرین کو چیونٹی کی اس قسم کی دریافت آسٹریلیا کے خشک پِلبارا خطے میں زیر زمین جانوروں پر کی جانے والی تحقیق کے دوران ہوئی۔ محققین نے موقع پر اس قسم کی صرف 2 چیونٹیوں کا مشاہدہ کیا۔
ایل وولڈمورٹ اپنے انتہائی پتلے جسم اور لمبی اور باریک ٹنگوں اور اینٹینا کی وجہ سے چیونٹیوں کی دیگر اقسام سے بالکل مختلف ہے۔ سائنسدانوں کو اس چیونٹی کی دریافت زمین سے 25 میٹر کی گہرائی میں ہوئی۔