ٹوئٹر پر میرے نام سے موجود اکاؤنٹ جعلی ہے، سعید انور


قومی کرکٹ ٹیم کے سابق بیٹر سعید انور نے اپنے نام سے منسوب ٹوئٹر اکاونٹ کو جعلی قرار دے دیا۔

اپنے آڈیو بیان میں ان کا کہنا ہے کہ ٹوئٹر پر میرے نام سے موجود اکاؤنٹ جعلی ہے، اس اکاؤنٹ سے میرے نام سے بیانات جاری کیے جاتے ہیں جو درست نہیں۔

انہوں نے اپیل کی ہے کہ عوام ان ٹوئٹس کو فالو نا کریں۔

یاد رہے کہ سعید انور نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد تبلیغی جماعت سے منسلک ہیں۔

سعید انور نے پاکستان کی جانب سے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ ویسٹ انڈیز کیخلاف 23نومبر 1990 کو فیصل آباد میں کھیلا تھاجبکہ انہوں نے اپنا الوادعی ٹیسٹ بنگلہ دیش کیخلاف ملتان میں 31 دسمبر 2001 کو کھیلا تھا۔

وہ 55 ٹیسٹ میچوں کی 91 اننگز میں دو مرتبہ ناٹ آئوٹ رہتے ہوئے 45.52 کی اوسط سے 4052 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے جس میں گیارہ سنچریاں اور پچیس نصف سنچریاں شامل ہیں۔

بھارتی وکٹوں کے بارے میں سوچنا چھوڑ دو، سعید انور کا رضوان کو مشورہ

ان کا ٹیسٹ کرکٹ میں بہترین سکور 188 رنز ناٹ آئوٹ ہے، سعید انور نے ٹیسٹ کرکٹ میں چار وکٹیں بھی حاصل کیں، سعید انور نے اپنے ون ڈے کیریئر کا آغاز ویسٹ انڈیز کیخلاف پرتھ کے مقام پر یکم جنوری 1989 کو کیا تھا جبکہ انہوں نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ بلاوئے کے مقام پر زمبابوے کیخلاف چار مارچ 2003 کو کھیلا تھا۔

سعید انور 247 ون ڈے میچوں کی 244 اننگز میں انیس مرتبہ ناٹ آئوٹ رہتے ہوئے 39.21 کی اوسط سے 8824 رنز سکور کرچکے ہیں جس میں بیس سنچریاں اور 43 نصف سنچریاں شامل ہیں ان کا ون ڈے کرکٹ میں بہترین سکور 194 رنز ہے جو انہوں نے بھارت کیخلاف سکور کیاتھا ۔

چنائی میں ان کی یہ تاریخی اننگز سب کو یاد ہے اور تقریباً 13 سال تک ون ڈے کرکٹ میں اس سب سے بڑے انفرادی سکور کا ریکارڈ ان کے پاس رہا۔


متعلقہ خبریں