پاکستان ہاکی پر پابندی لگنے کا امکان، اولمپینز کی وزیراعظم سے ایکشن لینے کی اپیل

پاکستان ہاکی

پاکستان ہاکی کے سابق اولمپینز کی جانب وزیراعظم شہباز شریف سے ہاکی کے معاملے پر فوری ایکشن لینے کی اپیل کی گئی ہے۔

کراچی کے عبدالستار ہاکی اسٹیدیم میں پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے سربراہان سمیت اولمپینز نے پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر سیکریٹری حیدر حسین نے کہا کہ ایف آئی ایچ ان کی فیڈریشن کو تسلیم کرتی ہے، دوسری کسی فیڈریشن کو نہیں مانتی۔

حیدر حسین کا کہنا تھا کہ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے منتظمین نے دوسری فیڈریشن سے رابطہ کرنے پر معذرتی خط لکھا ہے۔ اذلان ہاکی ٹورنامنٹ کی انتظامیہ کو آگاہ کر دیا ہے کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن انہیں پی ایچ ایف کا سیکریٹری تسلیم کرتی ہے۔

کرکٹ کے بعد ہاکی میں بھی غیرملکی کوچ لانے کا فیصلہ

اس موقع پر اولمپینز کلیم اللّٰہ، حنیف خان، وسیم فیروز اور ناصر علی نے وزیر اعظم شہباز شریف سے اپیل کی کہ وہ ہاکی کے معاملے پر فوری ایکشن لیں ورنہ پاکستان ہاکی پر 10 سے 12 سال کی پابندی لگ سکتی ہے۔

خیال رہے کہ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ 15 اپریل سے اسلام آباد میں لگے گا۔ 44 کھلاڑیوں کو تربیتی کیمپ میں بلایا جارہا ہے، اعلان ایک سے دو روز میں ہوگا۔


متعلقہ خبریں