عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پہلے کہا تھا شہباز شریف کی سیاست چلے گی نواز شریف کی نہیں۔
انسدادِ دہشتگردی عدالت (اے ٹی سی) راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہت پہلے کہا تھا ن میں سے ش نکلے گا اور شہباز شریف کی سیاست چلے گی۔ یہ پیشگوئی پوری ہوگئی اور نواز شریف کی سیاست کی جگہ شہباز شریف نے لے لی ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہماری خاموشی رنگ لائے گی، ہم چاہتے ہیں غریب کا چولہا جلے۔ پاکستان کو آگے جانا چاہیے، غریب کی حالت خراب ہے، 27 رمضان کو مقتدر حلقے غریب لوگوں کے لیے معافی کا اعلان کریں۔
9 مئی مقدمات ، شیخ رشید ، زرتاج گل سمیت 59 ملزمان کو چالان کی نقول فراہم ، اگلی سماعت پر فرد جرم
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ نو مئی کے 3 مقدمات کی نقول ہمیں فراہم کردی گئی ہیں، ہمارے خلاف نو مئی کے 17 کیسز چل رہے ہیں۔ اے ٹی سی راولپنڈی میں 11 کیسز ہیں ،آئندہ سماعت پر پیش ہوں گے۔
اس سے قبل انسداد دہشتگردی عدالت نے سانحہ 9 مئی کے مقدمات میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید، شیخ راشد شفیق اور زرتاج گُل سمیت 59 ملزمان کو چالان کی نقول فراہم کر دیں۔
