قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہین شاہ آفریدی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی طرف سے جاری کیے گئے بیان سے ناخوش، چیئرمین پی سی بی سے ملاقات کریں گے۔
اسپورٹس سے متعلق خبریں شائع کرنے والی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق شاہین آفریدی بابر اعظم سے متعلق پی سی بی کی طرف سے جاری اپنے بیان سے ناخوش ہیں۔ شاہین تردید جاری کرنے والے تھے لیکن پی سی بی نے انہیں روک دیا۔
ویب سائٹ کے مطابق ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے سابق کپتان کو کپتانی سے ہٹائے جانے کے معاملے سے لاعلم رکھا گیا۔ شاہین اس حوالے سے آج چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے بھی ملاقات کریں گے۔
اگر تبدیلی ضروری تھی تو محمد رضوان بہترین انتخاب تھے،شاہد آفریدی
ذرائع کے مطابق شاہین شاہ آفریدی بغیر مشاورت جاری کیے گئے بیان پر محسن نقوی کو اپنے تحفظات سے آگاہ کریں گے۔
خیال رہے کہ پی سی بی نے گزشتہ روز بابر اعظم کو کپتان بنانے سے متعلق شاہین آفریدی کا بیان جاری کیا تھا۔ اس بیان میں شاہین آفریدی نے بابر اعظم کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی تھی۔
دوسری طرف سابق کپتان بھی پی سی بی کے اس فیصلے سے ناخوش نظر آئے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بابراعظم کو کپتان بنانے سے متعلق سلیکشن کمیٹی کے فیصلے پرحیران ہوں۔ اگر تبدیلی ضروری تھی تو محمد رضوان بہترین انتخاب تھے۔