خیبر پختونخوا میں ممکنہ بارشیں، متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

Rain

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبے میں بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ بارشوں اور برفباری کے دوران پی ڈی ایم اے کی طرف سے جاری کردہ احکامات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بارشوں اور برفباری کی وجہ سے ممکنہ جانی و مالی نقصانات کو کم سے کم کرنے کے لیے پیشگی انتظامات ہر لحاظ سے مکمل ہونے چاہیئیں اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں متاثرین کو بروقت امداد اور ریلیف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور بی آر ٹی اسکینڈل میں ملوث ٹھیکیداروں کے 75 بینک اکاؤنٹس منجمد

علی امین گنڈا پور نے ہدایت دی کہ بارشوں اور برفباری کے نتیجے میں ممکنہ طور پر بند ہونے والی سڑکوں کو بروقت کھولنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں، اس سلسلے میں مقامی سطح پر چھوٹی بڑی مشینری اور افرادی قوت کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن کا مربوط نظام وضع کیا جائے۔


متعلقہ خبریں