حملے پاک چین اختلافات پیدا کرنے کی شعوری کوشش ہیں، آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر

پاک فوج نے شانگلہ کے علاقے بشام میں چینی شہریوں سمیت 6 بےگناہ افراد کی ہلاکت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ حملے پاک چین اختلافات پیدا کرنے کی شعوری کوشش ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات اندرونی سکیورٹی صورتحال کو غیر مستحکم کرنے کی بزدلانہ کارروائیاں ہے، گوادر اور تربت میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے حملے ناکام بنائے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پوری قوم اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے لیے کھڑی ہے، قوم اس بزدلانہ کارروائی کی بلا امتیاز مذمت کرتی ہے، یہ عناصر مسلسل دہشت گردی کے سرپرستوں کے طور پر بے نقاب ہو رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور اسٹریٹجک اتحادیوں بالخصوص چین کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی شعوری کوشش کی جا رہی ہے، بعض غیر ملکی عناصر اپنے مفادات کے تحت پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دینے میں ملوث ہیں، مسلح افواج کے خلاف تشدد کی ایسی گھناؤنی کارروائیاں ہمارے عزم کو پست نہیں کرسکتیں۔

بشام میں گاڑی پر خودکش حملہ ، 5 چینی باشندوں سمیت 6 افراد ہلاک

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف بطور فرنٹ لائن ریاست مقابلہ کرنے والا واحد ملک ہے، چین کی غیر متزلزل حمایت سے دہشتگردی میں ملوث افراد کو جوابدہ ٹھہرائے جانے کو یقینی بنائیں گے، یقینی بنایا جائے گا کہ دہشت گرد مناسب انجام تک پہنچیں، ہم مل کر مصیبت اور برائی پر غالب آئیں گے، ان شااللہ۔

خیال رہے کہ 20 مارچ کو سکیورٹی فورسز نے گوادر میں پورٹ اتھارٹی کالونی میں دہشت گرد حملہ بھی ناکام بنایا تھا اور جوابی کارروائی میں 8 دہشت گرد مارے گئے تھے جبکہ دو جوانوں نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھی بشام میں چینی باشندوں پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

صدرِ مملکت آصدر زرداری نے حملے میں چینی باشندوں کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ہلاک چینی باشندوں کے اہلِ خانہ اور چینی حکومت سے اظہارِ تعزیت بھی کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان دشمن قوتیں پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔

قبل ازیں وزیرِ اعظم شہباز شریف چینی سفارتخانے پہنچے جہاں انہوں نے چینی سفیر جیانگ زائیڈونگ (Jiang Zaidong) سے بشام میں دہشتگرد حملے میں 5 چینی باشندوں کی ہلاکتس پر تعزیت کی۔

انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں چینی شہریوں کے اہلِخانہ کے ساتھ ہیں۔پاکستانی حکومت واقعے کی اعلی سطح اور جلد تحقیقات کرکے ذمہ داراں و سہولت کاروں کو قرارواقعی سزا دے گی۔

چینی سفیر سے گفتگو میں وزیرِ اعظم نے چینی صدر اور چینی وزیرِ اعظم کیلئے واقعے کے حوالے سے تعزیتی پیغام دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی ایسی مذموم کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ سی پیک کے دشمنوں نے ایک مرتبہ پھر سے ایسی بزدلانہ حرکت سے اسے متزلزل کرنے کی سازش کی ہے مگر دشمن اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا۔

دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے تک اسکے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔


متعلقہ خبریں