بیگم کلثوم نواز بدستور وینٹی لیٹر پر


لندن: سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز بدستور وینٹی لیٹر پر ہیں اور ڈاکٹرز کے مطابق اگلے 24 گھنٹے ان کے لیے بہت اہم ہیں۔

ہارلے اسٹریٹ کلینک سے  باہر میاں نواز شریف اور مریم نواز نے میڈیا سے مختصر بات کی، صحافیوں کے سوالوں پر انہوں نے کہا کہ آپ دعا کریں کہ اللہ تعالی انہیں شفائے کاملہ عطا فرمائے۔

مریم نواز نے کہا کہ پوری قوم سے درخواست ہے میری والدہ کے لئے دعا کریں کیونکہ اس وقت انہیں دعاؤں کی اشد ضرورت ہے۔

اس سے قبل مریم نواز نے اپنے ٹویٹ میں بتایا تھا کہ بیگم کلثوم نواز کو دل کا دورہ پڑا ہے جس کی وجہ سے انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کر دیا گیا ہے اور وہ وینٹی لیٹر پر ہیں۔

مختلف سیاسی و فوجی شخصیات نے ان کی صحت کے لیے نیک خواہشات کے پیغامات بھیجے ہیں جبکہ پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف بھی کل صبح لندن روانہ ہو رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں