نئی دہلی: بھارت نے کُل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما نعیم احمد خان کی تنظیم “جموں و کشمیر نیشنل فرنٹ” پر پابندی عائد کر دی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر کی حریت پسند تنظیم “جموں و کشمیر نیشنل فرنٹ” پر پابندی عائد کر دی جبکہ فرنٹ کے سربراہ نعیم احمد خان کو پہلے ہی بھارت حکومت نے 2017 سے قید میں رکھا ہوا ہے۔
بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی حریت پسند تنظیم “جموں و کشمیر نیشنل فرنٹ” پر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے باعث 5 سال کے لیے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب کُل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ مودی حکومت کی جانب سے فرنٹ پر پابندی کا اقدام 76 برسوں سے بھارتی مظالم کا مقابلہ کرنے والے کشمیریوں کی آواز دبانے کے لیے اٹھایا گیا ہے جو شہریوں کے بنیادی حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکہ کو بھارت کے متنازع شہریت ترمیمی ایکٹ پر تشویش
انہوں ںے کہا کہ مودی حکومت عام انتخابات میں سیاسی فائدے کے لیے مقبوضہ کشمیر میں تناؤ کو مسلسل ہوا دے رہی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل مودی سرکار نے جماعت اسلامی مقبوضہ جموں وکشمیر، مسلم لیگ، تحریک حریت، ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی، جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ، دختران ملت اور مسلم کانفرنس پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔