6 مرتبہ حلقے سے الیکشن جیتنے والے شاہد خاقان عباسی کا مری جلسے کا بائیکاٹ

6 مرتبہ حلقے سے الیکشن جیتنے والے شاہد خاقان عباسی کا مری جلسے کا بائیکاٹ

پاکستان کے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی این اے 51 نشست سے لگاتار 6 مرتبہ الیکشن جیتنے والے شاہد خاقان عباسی نے مسلم لیگ ن کے مری جلسے کا بائیکاٹ کردیا۔

دی نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے منحرف رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پیر کی سہ پہر ن لیگ کے مری میں بڑے عوامی اجتماع کا بائیکاٹ کیا ہے۔ وہ عام انتخابات 2024 میں جمعرات کو اپنا ووٹ بھی کاسٹ نہیں کریں گے۔

3 بڑی سیاسی جماعتیں عوام کو ڈلیور کرنے میں ناکام ہو گئی ہیں، شاہد خاقان عباسی

ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد خاقان امریکہ جا رہے ہیں، امریکہ پہنچنے سے پہلے ان کا قیام برطانیہ میں ہوگا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز مری میں لیگی قیادت نے ایک بڑا پاور شو کیا تھا جس میں نواز شریف، مریم نواز، مریم اورنگزیب اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا تھا۔ اس موقع پر نواز شریف کے دیرینہ ساتھی شاہد خاقان دعوت ملنے کے باوجود جلسے میں شریک نہ ہوئے۔

مری جلسے سے ایک روز قبل لیگی رہنما پرویز رشید کی جانب سے شاہد خاقان کو شرکت کرنے کی دعوت دی گئی تھی۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا تھا کہ ‘جلسے میں شاہد خاقان عباسی کو آکر اپنے حلقے کی عوام اور قیادت کا شکریہ ادا کرنا چاہیے’۔

جس طرح نوازشریف اقتدار میں آ رہے ہیں، مجھے اس سے اختلاف ہے، شاہد خاقان

خیال رہے کہ شاہد خاقان عباسی 1988 سے 2013 تک حلقہ این اے 51 سے الیکشن جیتتے آرہے ہیں۔ اس دوران صرف 2002 کے عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدوار غلام مرتضیٰ ستی کے مقابلے میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

شاہد خاقان اور مسلم لیگ ن کی قیادت میں اختلاف کے بعد اب حلقہ این اے 51 سے نوجوان سیاستدان راجہ اسامہ اشفاق سرور کو قومی اسمبلی کی نشست پر ٹکٹ دیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں