دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، ممنون حسین


اسلام آباد: صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردی اور فرقہ وارانہ مواد کی نشر و اشاعت کے خلاف موثر طریقے سے نبرد آزما ہو رہے ہیں۔

ایوان صدر میں سفیروں کے اعزاز میں دیے گئے افطار عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے صدر ممنون حسین نے کہا کہ عام انتخابات 25 جولائی کو ہی ہو رہے ہیں اور توقع کرتا ہوں کہ آنے والی جمہوری حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لیے کام کرے گی۔

انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور بھارت کو مسئلہ کشمیر سمیت تمام متنازعہ مسائل کے لیے مذاکرات پر آمادہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ روزہ ایک آفاقی تصور اور ایسی عبادت ہے جو عالم انسانیت اور مختلف مذاہب میں کسی نہ کسی صورت میں موجود ہے، یہ ایک ایسی عبادت ہے جس کے ذریعے انسان میں نظم وضبط، مسائل کا سامنا کرنے کی ہمت، ایثار کا جذبہ، صبرو استقامت اور عاجزی کی کیفیات پیدا ہوتی ہیں۔


متعلقہ خبریں