آرمی چیف کی اہم امریکی حکومتی عہدیداروں اور عسکری حکام سے ملاقاتیں


آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے امریکا کے دورے میں اہم امریکی حکومتی عہدیداروں اور عسکری حکام سے ملاقاتیں کی ہیں۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف سے سیکرٹری آف سٹیٹ انٹونی بلنکن، سیکرٹری دفاع جنرل لائیڈ جے آسٹن کی ملاقاتیں ہوئی ہیں۔

آرمی چیف کی نائب امریکی وزیرِ خارجہ وکٹوریہ نولینڈ، نائب قومی سلامتی مشیر جوناتھن فائنر سے بھی ملاقات ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی امریکی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل چارلس کیو بران سے بھی ملاقات ہوئی ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ان ملاقاتوں میں دوطرفہ دلچسپی، عالمی و علاقائی سلامتی کے باہمی امور اور بین الاقوامی تنازعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بلوچستان سے آئی بچی کی آرمی چیف عاصم منیر سے مدد کی اپیل

ان ملاقاتوں میں مشترکہ مفادات کے حصول کے لئے دوطرفہ تعاون کی ممکنہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا، دونوں اطراف سے باہمی دلچسپی کے اُمور پر بات چیت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیاگیا۔

آرمی چیف نے دورے کے دوران پاکستانی کمیونٹی کے ارکان سے بھی بات چیت کی،آرمی چیف کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں کے ملکی ترقی میں مثبت کردار اور کوششوں کو سراہا گیا۔

آرمی چیف نے اوورسیزپاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی،آرمی چیف کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کے لیے سب سے بڑی ایکسپورٹ مارکیٹ ہے۔

آرمی چیف نے ویزوں کی رکاوٹ، خصوصی اسکریننگ اور دیگر گمراہ کن افواہوں کو رد کیا،آرمی چیف نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی پاکستان کے سفیر اور اثاثہ ہیں انہیں پاکستان میں انتہائی عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں